31 دسمبر 2025 - 17:18
قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے شیعہ علماء کونسل سندھ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں تنظیمی امور، عوامی خدمات اور قومی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کا نمائندہ وفد، جسے “کاروانِ عہد و وفا” کا نام دیا گیا تھا، صوبائی صدر علامہ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی کی قیادت میں جامعہ الکوثر اسلام آباد پہنچا اور قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صوبائی صدر سندھ علامہ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی نے سپاس نامہ پیش کیا، جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سندھ کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کاروانِ عہد و وفا کی تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے سندھ کے عوام کی قیادت سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صوبہ سندھ کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل کو ان کی تنظیمی، سماجی اور رفاہی خدمات کے اعتراف میں یادگاری سووینئر اور سندھی اجرک پیش کی گئی۔

بعد ازاں قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے سندھ میں تنظیم کی مضبوط بنیادوں پر استواری کو سراہا اور کامیاب عوامی اجتماعات کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان عدل و انصاف کے قیام اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کرنے والی جماعت ہے، جس نے ماضی میں اتحاد، وحدت اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے ذریعے عوامی حقوق کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے تنظیمی اور سماجی سطح پر گروہ بندی سے اجتناب اور قومی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے نمائندوں نے قائد ملت جعفریہ کو سندھی ثقافت کے مطابق اجرکیں پہنائیں۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور صوبائی صدر سندھ علامہ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی نے قائد ملت جعفریہ کی نصف صدی پر محیط قومی و ملی خدمات کے اعتراف میں شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ انہیں 25 جنوری 2026 کو سیون میں منعقد ہونے والی عظمتِ شہداء کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha